dard e dil kar mujhe ata ya rab lyrics in urdu | kalam Maulana Hasan Raza Khan Bareilvi | دردِ دل کر مجھے عطا یا رب, دے مرے دَرد کی دَوا یارب
Hamd e Rabb-e Kayenat حمد باری تعالیٰ
Dard e Dil Kar Mujhe Ata Ya Rab in Urdu
دردِ دل کر مجھے عطا یا رب
دردِ دل کر مجھے عطا یا رب
دے مرے دَرد کی دَوا یارب
لاج رکھ لے گنہگاروں کی
نام رحمن ہے ترا یا رب
عیب میرے نہ کھول محشر میں
نام ستار ہے ترا یا رب
بے سبب بخش دے نہ پوچھ عمل
نام غفار ہے ترا یا رب
زخم گہرا سا تیغ اُلفت کا
میرے دل کو بھی کر عطا یارب
یوں گموں میں کہ تجھ سے مل جاؤں
یوں گما اس طرح ملا یا رب
بھول کر بھی نہ آئے یاد اپنی
میرے دل سے مجھے بھلا یارب
خاک کر اپنے آستانے کی
یوں ہمیں خاک میں ملا یارب
میری آنکھیں مرے لئے ترسیں
مجھ سے ایسا مجھے چھپا یارب
ٹیس کم ہو نہ دَردِ اُلفت کی
دل تڑپتا رہے مرا یا رب
نہ بھریں زخم دل ہرے ہو کر
رہے گلشن ہرا بھرا یا رب
تیری جانب یہ مشتِ خاک اُڑے
بھیج ایسی کوئی ہوا یا رب
داغِ اُلفت کی تازگی نہ گھٹے
باغ دل کار ہے ہرا یا رب
سَبَقَتْ رَحْمَتِیْ عَلٰی غَضَبِیْ
جب سے تو نے سنا دیا یارب
آسرا ہم گناہگاروں کا
اَور مضبوط ہو گیا یارب
ہے اَنَا عِنْدَ ظَنِّ عَبْدِیْ بِیْ
میرے ہر دَرد کی دَوا یارب
تونے میرے ذلیل ہاتھوں میں
دامنِ مصطفٰے دیا یارب
تو نے دی مجھ کو نعمتِ اسلام
پھر جماعت میں لے لیا یارب
کر دیا تو نے قادِری مجھ کو
تیری قدرت کے میں فدا یارب
دولتیں ایسی نعمتیں اتنی
بے غرض تو نے کیں عطا یارب
دے کے لیتے نہیں کریم کبھی
جو دِیا جس کو دے دِیا یارب
تو کریم اور کریم بھی ایسا
کہ نہیں جس کا دُوسرا یارب
ظن نہیں بلکہ ہے یقین مجھے
وہ بھی تیرا دِیا ہوا یارب
ہو گا دنیا میں قبر و محشر میں
مجھ سے اچھا معاملہ یارب
اس نکمے سے کام لے ایسے
یہ نکما ہو کام کا یارب
مجھے ایسے عمل کی دے توفیق
کہ ہو راضی تری رضا یارب
جس نے اپنے لئے برائی کی
ہے یہ نادان وہ برا یارب
ہر بھلے کی بھلائی کا صدقہ
اس برے کو بھی کر بھلا یارب
میں نے بنتی ہوئی بگاڑی بات
بات بگڑی ہوئی بنا یارب
میں نے سُبْحٰنَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی
خاک پر رکھ کے سر کہا یارب
صدقہ اس دی ہوئی بلندی کا
پستیوں سے مجھے بچا یارب
بونے والے جو بوئیں وہ کاٹیں
یہ ہوا تو میں مر مٹا یارب
آہ جو بو چکا ہوں وقت دِرَوْ
ہو گا حسرت کا سامنا یارب
صدقہ ماہِ رَبیع الاوّل کا
گیہوں اس کھیت سے اُگا یارب
پاک ہے دُرد و دَرد سے جو مئے
جام اس کا مجھے پلا یارب
کر کے گستر دہ خوانِ اُدْعُوْنِیْ
تو نے بندوں کو دی صلا یارب
آستاں پر تِرے ترا منگتا
سن کرآیا ہے یہ صدا یارب
نعمتِ اَسْتَجِبسے پائے بھیک
ہاتھ پھیلا ہوا مرا یارب
تجھ سے وہ مانگوں میں جو بہتر ہو
مُدَّعی ہو نہ مُدَّعا یارب
مجھے دونوں جہاں کے غم سے بچا
شاد رکھ شاد دائما یارب
مجھ پر اور میرے دونوں بھائیوں پر
سایہ ہو تیرے فضل کا یارب
عیش تینوں گھروں کے تینوں کو
اپنی رحمت سے کر عطا یا رب
میرے فاروق و حامد و حسنین
دَرد و غم سے رہیں جدا یارب
لخت دل مصطفیٰ حسین رضا
ہر جگہ پائیں مرتبہ یارب
سایۂ پنجتن ہو پانچوں پر
دائما ہو تیری عطا یارب
دونوں عالم کی نعمتیں پائے
مرتضیٰ بہر مصطفیٰ یارب
علم و عمر و عمل فراخ معاش
مجتبیٰ کو بھی کر عطا یارب
کر دے فضل و نعم سے مالا مال
غم اَلم سے انہیں بچا یارب
ان کے دشمن ذلیل و خوار رہیں
رَد رہے ان کی ہر بلا یارب
بال بیکا کبھی نہ ہو ان کا
بول بالا ہو دائما یارب
میری ماںمیری بہنیں بھانجے سب
پائیں آرامِ دَوسرا یارب
اَور بھی جتنے میرے پیارے ہیں
حاجتیں سب کی ہوں رَوا یارب
میرے اَحباب پر بھی فضل رہے
تیرا تیرے حبیب کا یارب
اَہل سنت کی ہر جماعت پر
ہر جگہ ہو تری عطا یارب
دشمنوں کے لئے ہدایت کی
تجھ سے کرتا ہوں اِلتجا یارب
تو حسنؔ کو اُٹھا حسن کر کے
ہو مع الخیر خاتمہ یارب
از قلم- مولانا حسن رضا خان بریلوی
کتاب : ذوق نعت
Darde dil kar mujhe ata ya rab lyrics in urdu
Urdu, Hindi And English lyrics
| Qawwali |
| Sabri Brothers | Nusrat Fateh Ali Khan | Rahat Fateh Ali Khan | Iqbal Afzal Sabri | Aziz Miyañ |Nazir Ejaz Faridi | Ghous Muhammad Nasir | Maulvi Ahmad Hasan |
| Naat-E-Paak|
| Khalid Mahmud ‘Khalid’ | Allama Saim Chishti | Bedam Warsi | Ajmal Sultanpuri Naat | Ala Hazrat Naat | Akhtar Raza Khan| Raaz Ilaahabadi | Muhammad Ilyas Attari | Sayyad Nazmi Miyan